سوال نمبر: JIA-322
الإستفتاء: کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیان شرع متین اس مسئلہ میں کہ صفرکےآخری چہار شنبہ(بدھ)کے روز مٹھائی تقسیم کی جاتی ہے،اِس موقع پر درزی حضرات چھٹی کرتے ہیں،اِس بارے میں کیا حکم شرع ہے؟
سائل:محمد یٰسین شیخ ولد محمد فاروق، جٹ لائن، لائنز ایریا،کراچی
بإسمہ سبحانہ تعالٰی و تقدس الجواب: سوال میں ذِکر کردہ تمام اُمور بے اصل و بے بنیاد ہیں۔
چنانچہ صدر الشریعہ محمد امجد علی اعظمی حنفی متوفی ۱۳۶۷ھ لکھتے ہیں: ماہ صفر کا آخر چہار شنبہ ہندوستان میں بہت منایا جاتا ہے، لوگ اپنے کاروبار بند کردیتے ہیں، سیر و تفریح و شکار کو جاتے ہیں، پوریاں پکتی ہیں اور نہاتے دھوتے خوشیاں مناتے ہیں اور کہتے یہ ہیں کہ حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم نے اس روز غسل صحت فرمایا تھا اور بیرون مدینہ طیبہ سیر کے لیے تشریف لے گئے تھے۔ یہ سب باتیں بے اصل ہیں، بلکہ ان دنوں میں حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کا مرض شدّت کے ساتھ تھا، وہ باتیں خلاف واقع ہیں۔1
واللہ تعالی أعلم بالصواب
تاریخ اجراء: یوم الأربعاء، ۲/شعبان المعظم، ۱۴۲۳ھ۔۹/اکتوبر، ۲۰۰۲م
المفتى محمد عطاءالله نعيميرئیس دارالإفتاء
جمعية إشاعة أھل السنة(باكستان)